اﷲ سے عافیت مانگو.........

Islam

6/recent/ticker-posts

Header Ads Widget

اﷲ سے عافیت مانگو.........

عافیت سے بڑھ کر انسان کو اس دنیا میں کوئی نعمت عطا نہیں کی گئی۔ عافیت ایک عظیم دائمی نعمت ہے اور کلمہ اخلاص (لا الہ الا اللہ) کے بعد اس سے بہتر کوئی شے نہیں۔ حضرت ابوہریرہؓ نے فرمایا: ’’میں نے حضرت ابوبکرؓ کو اس منبر رسولؐ پر فرماتے ہوئے سنا: میں نے پچھلے سال آج ہی کے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا، پھر حضرت ابوبکر صدیقؓ رُکے اور رونے لگے۔ پھر فرمایا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلمکو فرماتے ہوئے سنا: نہیں عطا کی گئی کلمہ اخلاص کے بعد کوئی شے جو عافیت کے مثل ہو۔ پس اللہ سے عافیت کا سوال کرو۔‘‘ (احمد، ترمذی، ابن ماجہ)

یہی وجہ ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ کون سی دعا افضل ہے، تو آپؐ نے جواب دیا تھا کہ ’’عافیت کی دعا‘‘۔ حضرت انسؓسے روایت ہے کہ ایک آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور پوچھا کہ کون سی دعا افضل ہے؟ فرمایا: اللہ سے دنیا اور آخرت کی عافیت کا سوال کرو۔ اگلے دن وہی آدمی پھر آیا اور اپنا سوال دوہرایا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! کون سی دعا افضل ہے؟ فرمایا: وہی جو تجھے بتائی تھی۔ تیسرے دن وہ آدمی پھر آیا اور بولا: وہی دعا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس کو دنیا میں عافیت عطا کی گئی، اس کو نہیں عطا کیا جائے گا آخرت میں کچھ سوائے فلاح کے۔ (ترمذی)

عافیت کی دعا کی وہ شان ہے کہ اس کا التزام نہ صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود کرتے تھے بلکہ اپنے گھر والوں کو بھی اس کی تاکید کرتے تھے۔ مسند احمد اور ترمذی میں مذکور ہے، حضرت عباسؓ نے فرمایا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا: مجھے ایسی شے کے بارے میں بتائیے جس کا میں اللہ سے سوال کروں؟ فرمایا: اللہ سے عافیت کا سوال کرو۔ کچھ دنوں کے بعد میں پھر گیا اور آپؐ سے پوچھا: مجھے ایسی شے کے بارے میں بتائیے جس کا میں اللہ سے سوال کروں؟ فرمایا: اے عباسؓ! اے میرے چچا! اللہ سے دنیا اور آخرت میں عافیت کا سوال کیجیے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود عافیت کے بغیر کوئی دعا نہیں مانگتے تھے۔ مسند احمد اور ترمذی میں مذکور ہے، حضرت معاذؓ نے فرمایا: ایک آدمی نے اللہ سے صبر کی دعا کی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تُو اللہ سے ابتلا و آزمائش مانگ رہا ہے؟ اگر سوال کرنا ہے تو اللہ سے عافیت کا سوال کر، لہٰذا جس نے اللہ سے صبر کا سوال کیا تو اسے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ صبر مشقت کے بغیر نہیں، اور جس نے مشقت مانگی تو گویا اس نے ابتلا و آزمائش مانگی، اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ نصیحت کی کہ جب بھی اللہ سے اس کے فضلِ عظیم کا سوال کرو تو عافیت کا سوال کرو۔

عافیت: معنی و مراتب:عربی لغت میں عافیت اسم ہے اور یہ عفو سے نکلا ہے۔ اس کا مطلب مکمل صحت ہے اور اس کی مختلف قسمیں ہیں۔ دین کے معاملے میں عافیت سے مراد گناہوں اور بدعات جیسے امور سے بچنا اور اطاعت میں کاہلی سے چھٹکارا ہے۔ دنیا کے معاملے میں عافیت سے مراد اس کے شر اور مصائب سے اللہ کی پناہ میں آنا ہے۔ خاندان کے معاملے میں عافیت سے مراد مرض و بیماری اور گناہوں کی زیادتی سے سلامتی ہے، جب کہ مالی عافیت سے مراد نت نئی مالی آفتوں سے بچنا ہے۔

عافیت کی ان تمام قسموں میں دینی عافیت انسان کے لیے سب سے نفع بخش ہے کیونکہ یہ اتنی معتبر ہے کہ اس کے مثل دنیا میں کلمہ اخلاص کے بعد کوئی نعمت نہیں۔ یہ نہ صرف بندے کے ایمان کو قائم رکھتی ہے بلکہ اللہ کی پکڑ سے بھی بچاتی ہے۔ اگر انسان کو سب عافیتوں میں سے کسی عافیت کو چننا پڑے تو دین کی عافیت کے مقابل کسی عافیت کو نہ پائے گا، جو نہ صرف اللہ کی پکڑ سے بچاتی ہے بلکہ بندوں کے شر سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

عافیت کی قسموں میں بدنی عافیت بھی شامل ہے، کیونکہ یہ انسان کی زندگی ہی ہے جس کی وجہ سے انسان احسن طریقے سے عبادت کرسکتا ہے، اور اپنے دیگر امور کے لیے بھی اقدامات و جدوجہد کرسکتا ہے۔ اسی طرح اس میں خاندان کی عافیت بھی شامل ہے تاکہ اللہ ان کے دین، اخلاق، صحت، احوال، رزق، مال اور دیگر دنیاوی نعمتوں میں برکت ڈالے۔
عافیت: ایک نعمت
اللہ سے دین و دنیا کی عافیت کا ملنا ایک ایسی نعمت ہے جو ان تمام باتوں کا احاطہ کرتی ہے جن کا تقدیر میں ذکر ہے۔ جو اس بات کو سمجھے اس پر یہ حق ہے کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرے کیونکہ یہ توحید کے بعد نعمتِ عظیم ہے۔حضرت عباسؓ کا قول ہے: ’’تم پر جو اللہ کی نعمتیں ہیں ان کا ذکر کرو توکہا کرو :اللہ کی عافیت۔ اور جب اللہ تعالیٰ فرمائیں: (ترجمہ) ’’تم کو جو نعمت بھی حاصل ہے اللہ ہی کی طرف سے ہے۔ پھر جب کوئی سخت وقت تم پر آتا ہے تو تم لوگ خود اپنی فریادیں لے کر اسی کی طرف دوڑتے ہو‘‘(النحل16:53)۔ اس آیت کی تلاوت کے بعد پھر حضرت عباسؓ نے پوچھا: اے لوگو!کیا تم اس نعمت کو جانتے ہو؟ وہ نعمت ہے عافیت، صحت، سلامتی اور تمھارے مالوں کا نقصان سے بچنا… اور یہ سب اللہ کی نعمتیں ہیں۔ پھر فرمایا: اور یہ بھی اسی کے ہاتھ سے ہوتا ہے، یعنی جو بھی مصیبت تمھارے بدن پر آتی ہے، مثلاً بیماری اور آسائشات میں کمی، تو تم اللہ کی استعانت طلب کرتے ہو اور اس مستغیث سے دعا مانگتے ہو، کیونکہ تم جانتے ہو کہ اس سے بچانے والا اس کے سوا کوئی نہیں۔ پس تم اللہ کی ثنا بیان کرو، اس کی اطاعت کرو اور اس کا شکر ادا کرو تاکہ وہ تمھیں گناہوں سے بچائے اور مغفرت کرے۔

عافیت اور ابتلا : ابتلا و آزمائش اللہ کی اپنی مخلوقات کے لیے سنت ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس کا کثرت سے تذکرہ کیا ہے، کیونکہ یہ یا تو گناہوں کا کفارہ ہے یا پھر درجات کی بلندی کا ذریعہ۔ انسان مصیبت میں یا تو اپنے گناہوں کی وجہ سے گرفتار ہوتا ہے، یا پھر اللہ اپنے بندے کی آزمائش کرتے ہیں، جیسا کہ انبیائے کرام میں حضرت ایوب علیہ السلام کی ہوئی تاکہ ان کے درجات بلند ہوں۔
انسان پر جو بھی پریشانی و مشکلات آتی ہیں یا آسائشات و کشادگیاں ملتی ہیں وہ سب آزمائش کی قسمیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: (ترجمہ) ’’اور ہم تمھیں اچھے اور برے حالات میں ڈال کر تم سب کی آزمائش کررہے ہیں۔ آخرکار تمھیں ہماری ہی طرف پلٹنا ہے‘‘۔(انبیا21:35 ) ہے 

محمد اشرف

Post a Comment

0 Comments